خیبر پختونخوا میں ثانوی تعلیمی بورڈز کے تحت ہونے والے ایس ایس سی سالانہ امتحانات 2025 کے لیے نجی تعلیمی اداروں کے امتحانی مراکز سرکاری سیکٹر کے اداروں میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصلے کا مقصد نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لیے امتحانی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے کیونکہ سرکاری اسکولوں میں امتحان دینے کے خواہشمند طلبہ کی بڑی تعداد کے باعث گنجائش کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایات پر تمام ثانوی تعلیمی بورڈز نجی اداروں کے امتحانی مراکز کو سرکاری کالجوں میں منتقل کریں گے۔
تمام سرکاری کالجوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ امتحانی مراکز کے قیام میں متعلقہ بورڈز کی معاونت کریں۔نوٹیفکیشن کی کاپی تمام علاقائی ڈائریکٹرز اور جے ایم سی کوآرڈینیٹرز کو ارسال کردی گئی ہے تاکہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں کے کالجز میں ان احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائی۔
چیئرمینز بورڈز، ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ہائر ایجوکیشن کے متعلقہ افسران کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔یہ اقدام تعلیمی شفافیت اور امتحانی عمل میں بہتری کے لیے کیا جا رہا ہے تاکہ تمام طلبہ کو یکساں سہولیات فراہم کی جا سکیں۔