اسلام آباد: پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو (SUPARCO) نے پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن سے متعلق عوام کو آگاہی اور براہِ راست شمولیت فراہم کرنے کے لیے ’سپارکو مشن ہب‘ انٹرنیٹ پورٹل باضابطہ طور پر جاری کر دیا ہے۔
سپارکو مشن ہب کے مطابق شہری ویب سائٹ astronaut.suparco.gov.pk کے ذریعے اس پورٹل تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس پورٹل کا مقصد عوام کو ملک کے تاریخی خلائی مشن سے جوڑنا اور انہیں تمام اہم مراحل سے باخبر رکھنا ہے۔
پورٹل پر دستیاب مشن ڈیش بورڈ کے ذریعے صارفین خلائی اسٹیشن کے ماڈیولز، مشن ٹائم لائن اور کاؤنٹ ڈاؤن کلاک سمیت دیگر تکنیکی و اہم معلومات ملاحظہ کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ شہری پورٹل پر اپنا نام، شہر اور دیگر کوائف درج کر کے پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کا علامتی بورڈنگ پاس بھی حاصل، ڈاؤن لوڈ اور سوشل میڈیا پر شیئر کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بلتستان کی وادیوں میں خزاں کے سحر انگیز رنگ بکھر گئے، زرد اور سنہری پتوں نے زمین پر قدرتی قالین بچھا دیا
سپارکو مشن ہب کے مطابق پورٹل میں خلائی اسٹیشن کی لائیو ٹریکنگ کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے، جس کی مدد سے صارفین اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، گلگت اور مظفرآباد سمیت ملک کے مختلف شہروں کے اوپر سے خلائی اسٹیشن کے گزرنے کے اوقات جان سکیں گے۔
مزید برآں شہری اس پلیٹ فارم کے ذریعے خلائی مشن کے لیے اپنی نیک تمناؤں کے پیغامات بھیج سکتے ہیں اور مشن سے متعلق خصوصی ویڈیوز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس بھی دیکھ سکتے ہیں۔





