مسلم لیگ (ن) کی رہنما سونیا شاہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد امن و امان کی صورتحال اور سیکیورٹی کے مسائل کے حل کے حوالے سے بڑی تبدیلیاں آ رہی ہیں اور زمینی سطح پر کیے جانے والے عملی اقدامات کے نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔
پختون ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں سونیا شاہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گورنر راج لگانے کا چیلنج دینے والے اب سامنے آئیں اور اسی انداز میں بیانات دیں جبکہ صوبے کے گزشتہ تیرہ برس کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما سونیا شاہ نے خیبر پختونخوا کی موجودہ سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد امن و امان کے قیام اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
ان کے مطابق وفاقی حکومت بھی صوبے میں قیامِ امن اور سیکیورٹی کی بہتری کے لیے بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے جبکہ زمینی سطح پر اٹھائے جانے والے عملی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت اور رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے سونیا شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چند افراد پہلے سینہ تان کر بڑے بڑے بیانات دیتے تھے کہ اگر کسی میں ہمت ہے تو خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگا کر دکھائے تاہم اب صوبے میں گورنر راج نافذ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ وہ لوگ اب کہاں ہیں جو پہلے بڑے چیلنج دیا کرتے تھے؟ سونیا شاہ کا کہنا تھا کہ وہ رہنما اب سامنے آئیں اور اسی انداز میں بیانات دیں جس انداز میں گورنر راج لگنے سے قبل دیا کرتے تھے۔
سیاسی ردعمل کا ذکر کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے بتایا کہ پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے اور گورنر راج کے نفاذ پر ان کی جماعت کے کارکنوں نے خوشی منائی، کیک کاٹے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔
یہ بھی پڑھیں : دہشت گردی ریاست کی ریڈ لائن ، مخالف بیانیےوالوں کا کڑا حساب ہوگا،رانا ثناء اللہ کے بیان سے ریاست مخالف عناصر کی نیندیں حرام ہو گئیں!
صوبے کی مجموعی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سونیا شاہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے حالات آہستہ آہستہ بہتری کی طرف جا رہے ہیں تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان کے پاس علاءالدین کا چراغ نہیں ہے کہ پی ٹی آئی کا 13سالہ گند محض دو ماہ میں صاف کر دیں بلکہ اس اصلاحی عمل اور مکمل بہتری کے لیے وقت درکار ہے۔





