پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی متعدد حملوں کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ دہشت گردوں نے مختلف مقامات پر حملے کرنے کی کوشش کی، لیکن سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان تمام حملوں کو پسپا کر دیا۔
تربت میں دہشت گردوں نے دو خود کش بمباروں کے ذریعے مختلف مقامات پر کوآرڈینیٹڈ حملے کرنے کی کوشش کی، تاہم فورسز کی فوری کارروائی نے ان حملوں کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔ اس آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
اسی طرح، کوسٹل ہائی وے پر سیکیورٹی فورسز نے تین دہشت گردوں کو مار ڈالا۔ کچلاک کے علاقے میں دہشت گردوں نے روڈ بلاک کرنے کی کوشش کی،
لیکن فورسز نے بروقت کارروائی کر کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ سبی کوئٹہ روڈ پر دہشت گردوں نے بسوں کو روکنے کی کوشش کی، جسے فورسز نے ناکام بنا دیا اور دو دہشت گردوں کو مار ڈالا۔
کوئٹہ تافتان روڈ پر دہشت گردوں نے لک پاس کے قریب معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جسے فورسز نے بروقت ناکام بناتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں مشکئی میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، ٹی ایچ کیو آفس پر حملہ ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے تمام بزدلانہ حملوں کو ناکام بنا کر ایک کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے، جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔
حکام نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ بلوچستان اور پورے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔