عالمی سفارتکاری اور دفاعی حکمتِ عملی کے افق پر پاکستان ایک بار پھر ایک باوقار، فیصلہ کن اور ناقابلِ تسخیر طاقت بن کر ابھرا ہے جہاں دنیا کی نظریں اس وقت اسلام آباد پر مرکوز ہیں۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے سنہری فریم ورک کے تحت اسلامی دنیا کی تین بڑی اور بااثر قوتوں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان 26 اور 27 نومبر کو دارالحکومت اسلام آباد میں تاریخ ساز مذاکرات منعقد ہو رہے ہیں۔
یہ عظیم الشان اجلاس اس حقیقت کا روشن اور ناقابلِ تردید ثبوت ہے کہ پاک فوج کی بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جدید عسکری مہارت اور ریاست پاکستان کی مدبرانہ خارجہ پالیسی کی بدولت آج پاکستان نہ صرف خطے میں امن و استحکام کا سب سے بڑا ضامن بن چکا ہے بلکہ امتِ مسلمہ کے اجتماعی دفاع اور عالمی سلامتی کے لیے ایک ناگزیر ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے وقار، تزویراتی اہمیت اور کامیاب دفاعی سفارتکاری کے تسلسل میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان انتہائی اہمیت کے حامل اعلیٰ سطح کے مذاکرات 26 اور 27 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سپارکو،سائنسدانوں اورمسلح افواج کی شاندارکاوشیں
اس باوقار اور تاریخ ساز اجلاس میں تینوں برادر ممالک کے اعلیٰ ترین سیاسی اور عسکری وفود شرکت کر کے باہمی دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کے نئے باب کا آغاز کریں گے۔
سفارتی و عسکری ذرائع کے مطابق اس اہم ترین بیٹھک میں خادمِ حرمین شریفین کی سرزمین سعودی عرب کی نمائندگی کے لیے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی اسلام آباد آمد متوقع ہےجبکہ برادر ملک ترکیہ کی جانب سے ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اور ترک وزیر دفاع یاشار گولر کی شرکت متوقع بتائی جا رہی ہے۔
امتِ مسلمہ کی ان دو عظیم ریاستوں کی اعلیٰ ترین دفاعی و سفارتی قیادت کی اسلام آباد میں یکجائی پاکستان پر ان کے گہرے اعتماد، غیر متزلزل بھروسے اور پاکستان کی مرکزی حیثیت کا کھلا اعتراف ہے۔
میزبان ملک پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور ملک کے اعلیٰ عسکری حکام ان مذاکرات میں شریک ہو کر پاکستان کی بھرپور نمائندگی کریں گے۔
پاک فوج کی عالمی سطح پر مسلمہ پیشہ ورانہ برتری اور ریاستی قیادت کی دور اندیشی کی بدولت پاکستان اس سہ فریقی دفاعی اشتراک میں کلیدی اور قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔
اجلاس کے دوران تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے ہمہ جہت فروغ، خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی علاقائی سلامتی کی صورتحال، مشترکہ دفاعی حکمت عملی کی ترتیب و تشکیل اور باہمی عسکری و تزویراتی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی اور جامع تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں ہونے والے ان مذاکرات کو نہ صرف خطے میں پائیدار امن، توازن اور استحکام کے قیام بلکہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو ایک ناقابلِ شکست حصار میں ڈھالنے کے حوالے سے انتہائی فیصلہ کن قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ اجلاس پوری دنیا کو یہ واضح پیغام دے رہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار، مضبوط اور امن پسند ایٹمی قوت کے طور پر عالمی برادری میں اپنا منفرد مقام رکھتا ہے اور برادر ممالک کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔
ملک بھر کے دفاعی تجزیہ کاروں، بین الاقوامی امور کے ماہرین اور عوامی حلقوں نے اسلام آباد میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ہونے والے اس عظیم الشان سہ فریقی اجلاس کو پاکستان کی شاندار سفارتی و عسکری فتح قرار دیتے ہوئے ریاستی اداروں اور مسلح افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیوں، دہشت گردی کے خلاف بے مثال کامیابیوں اور ریاست کی مستحکم پالیسیوں نے پوری دنیا پر یہ واضح کر دیا ہے کہ پاکستان خطے کا ایک ناگزیر ملک ہے جس کے بغیر پائیدار امن اور دفاعی استحکام کا تصور بھی ممکن نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ٹانک میں شر پسندوں کی بزدلانہ کارروائی، جنوبی وزیرستان اپر میں تعینات پولیس اہلکار اللہ نور شہید!
شہریوں اور مبصرین کے مطابق ملک دشمن عناصر اور منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے تمام تر جھوٹے بیانیوں کو مسترد کرتے ہوئے آج سعودی عرب اور ترکیہ جیسی بڑی عالمی قوتیں دفاعی مشاورت کے لیے اسلام آباد کا رخ کر رہی ہیں، جو ہر پاکستانی کے لیے باعثِ فخر اور روشن، محفوظ و خوشحال مستقبل کی نوید ہے۔





