اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی توثیق اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد 15 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کے انتظامات پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ ملکی منڈی میں گندم کی صورتحال اور قومی سطح پر اس کے مناسب ذخائر برقرار رکھنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ عوام کو بنیادی غذائی اشیاء کی بلاتعطل دستیابی اور مناسب قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پہلے سے منظور شدہ مقدار کے مطابق گندم کی درآمد کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ ملک کے تمام صوبوں میں گندم مناسب نرخوں پر دستیاب ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر گندم کی اضافی درآمد کے امکان کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے گندم کی ترسیل کے مؤثر انتظامات اور متعلقہ وزارتوں کے درمیان قریبی رابطہ کاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملکی سپلائی چین میں گندم کی وافر دستیابی یقینی بنائی جائے اور مارکیٹ میں کسی قسم کا خلل پیدا نہ ہونے دیا جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزرائے قانون و انصاف اور قومی غذائی تحفظ و تحقیق، سندھ کے وزیر خوراک، معاون خصوصی طارق باجوہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔





