عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا نے اپنے ڈیجیٹل سسٹم پر سائبر حملے کی تصدیق کردی ہے، جس کے دوران ہیکرز مبینہ طور پر ادارے کی حساس اور ذاتی معلومات تک غیر قانونی رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیکنگ گروپ ’ہینڈسم بوائے ہیکنگ کلب‘ (HBHC) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے فیفا کے سسٹم سے 12 گیگا بائٹس سے زائد ڈیٹا چوری کیا ہے۔ ہیکرز نے مبینہ طور پر چوری شدہ معلومات کے کچھ اسکرین شاٹس بھی جاری کیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق چوری کیے گئے ڈیٹا میں شناختی دستاویزات، امیگریشن ریکارڈ، مالیاتی معلومات، فیفا کے اعلیٰ عہدیداروں کی تفصیلات، قانونی دستاویزات اور اندرونی انتظامی ریکارڈ شامل ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ تاہم فیفا نے چوری شدہ ڈیٹا کی مکمل مقدار اور نوعیت کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
فیفا کے ترجمان نے سائبر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کو مجرمانہ سائبر سرگرمی کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں غیر مجاز افراد نے بعض معلومات تک رسائی حاصل کی۔ ادارہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے متعلقہ حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کررہا ہے۔
دوسری جانب ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں فیفا کے مجموعی ڈیٹا کا انتہائی معمولی حصہ متاثر ہوا ہے، تاہم متاثرہ افراد اور اداروں کی حتمی تعداد سامنے نہیں آسکی۔
یہ بھی پڑھیں: تکنیکی خرابی یا سائبر اٹیک ؟امریکہ میں سینکڑوں پروازیں روک دی گئیں!
فیفا نے ذاتی معلومات کی غیر قانونی چوری اور اشاعت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افراد کی نجی معلومات کا تحفظ ادارے کی اہم ذمہ داری ہے۔
اس سائبر حملے کے بعد عالمی کھیلوں کے اداروں میں ڈیجیٹل سکیورٹی اور حساس معلومات کے تحفظ سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔





