وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام فیصلہ کر چکے ہیں کہ انہیں اپنے علاقوں میں چھوٹے انتظامی یونٹس درکار ہیں تاکہ عوامی مسائل مقامی سطح پر حل کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کوٹا سسٹم اور شہری مسائل کے حوالے سے بھی ہمارے پاس کوئی اختیار نہیں، یہاں تک کہ گزشتہ دس سال سے یونیورسٹی روڈ تعمیر نہ کرنے والوں کے خلاف بھی ہم کچھ نہیں کر سکتے۔
وفاقی وزیر صحت نے 27ویں آئینی ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ قومی اسمبلی میں اس پر کتنے دن اور کتنے گھنٹے بحث کی گئی؟
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام معاملات پاکستانی طریقے سے چلتے ہیں، لہٰذا جب ہماری باری آئے تو ہمیں برطانوی جمہوریت کے اصول نہ سکھائے جائیں۔ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا معاملہ بھی پاکستانی طریقے سے ہی آگے بڑھے گا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق حکومتی شخصیات کے بیانات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ وزیراعظم کی جماعت کے رہنما خواجہ آصف کھل کر نئے صوبوں کے قیام کی بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال بھی اس معاملے پر اپنا مؤقف واضح کر چکے ہیں جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات نے بھی نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کی ہے۔
وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر سیاسی بیانات کا مقابلہ ابھی جاری ہے، تاہم حتمی بات فیصلہ کن مرحلے پر سامنے آئے گی۔





