سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی رات کے وقت سردی سے بچنے کے لیے گرم کپڑوں اور جرابوں کا استعمال بڑھ جاتا ہے، تاہم ایک سوال اکثر سامنے آتا ہے کہ کیا جرابیں پہن کر سونا صحت کے لیے فائدہ مند ہے یا انہیں اتار کر سونا زیادہ بہتر ہے؟ ماہرین کے مطابق اس کا کوئی ایک حتمی جواب نہیں ہے۔
امریکی طبی جریدے ’ہیلتھ‘ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق رات کو جرابیں پہن کر سونا یا بغیر جرابوں کے سونا اس بات پر منحصر ہے کہ کس طریقے سے کسی شخص کو بہتر اور پرسکون نیند آتی ہے۔
یونیورسٹی آف پنسلوانیا کے پیرل مین اسکول آف میڈیسن سے وابستہ ماہرِ طبِ نیند ڈاکٹر اندرا گروبھگواتولا کے مطابق اچھی نیند کے لیے ضروری ہے کہ کمرے کا ماحول خاموش، محفوظ، تاریک، ٹھنڈا اور آرام دہ ہو۔
ڈاکٹر اندرا گروبھگواتولا کا کہنا ہے کہ بعض افراد کے لیے جرابیں پہننا جسم کو آرام دہ درجہ حرارت پر رکھنے میں مدد دیتا ہے، جبکہ دوسروں کو اس سے گرمی اور بے آرامی محسوس ہو سکتی ہے۔
ان کے مطابق جن افراد کے پاؤں میں شدید ٹھنڈک انہیں سونے نہیں دیتی، ایسے میں جرابیں پہننے سے جسم کو سونے کے لیے زیادہ آرام دہ درجہ حرارت حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قومی اسمبلی کا اجلاس یکم دسمبر کو طلب کرنے کی سمری ارسال
ماہرِ طبِ نیند کے مطابق جرابوں کے کپڑے کا انتخاب بھی اہم ہے کیونکہ بعض اقسام کی جرابیں بدبو یا نمی کو اپنے اندر جمع کر سکتی ہیں، جبکہ بہت زیادہ تنگ جرابیں خون کی گردش محدود کرنے یا پاؤں میں سوجن کا سبب بن سکتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ایک کم خرچ تجربہ ضرور ہے، تاہم اسے نیند کے تمام مسائل کا مکمل علاج نہیں سمجھنا چاہیے۔
ڈاکٹر اندرا گروبھگواتولا کے بقول جرابیں پہننا یا نہ پہننا بہتر نیند کے لیے معاون ثابت ہو سکتا ہے، لیکن مکمل اور معیاری نیند کے حصول کے لیے صرف اسی ایک عادت پر انحصار نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا ہے کہ رات کو جرابیں پہن کر سونے کا فیصلہ کرتے وقت بعض جسمانی کیفیات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے، جن میں تھائیرائیڈ کے بعض امراض یا مینوپاز کے دوران گرمی برداشت نہ کر پانا، پاؤں میں خون کی ناقص گردش، جلدی امراض اور ضرورت سے زیادہ پسینہ آنا شامل ہیں۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ افراد رات کو جرابیں پہن کر اور بغیر جرابوں کے سونے، دونوں طریقوں کو آزما کر دیکھ سکتے ہیں کہ کس صورت میں زیادہ آرام دہ نیند آتی ہے۔





