پی آئی اے کی امریکہ کے لیے پروازوں کی بحالی کے امکانات روشن

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی امریکہ کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی (ایف اے اے) کی 5 رکنی ٹیم اپریل 2025 کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرے گی تاکہ پی آئی اے کی پروازوں کے حوالے سے حتمی معائنہ کیا جا سکے۔ اس معائنے کی رپورٹ کی بنیاد پر پی آئی اے کی درجہ بندی کو کیٹیگری 2 سے کیٹیگری 1 میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

پی آئی اے کی کیٹیگری تبدیلی کے لیے ضروری معاہدے (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے ہیں اور اس کے علاوہ کنسلٹنسی کی مد میں 75 ہزار ڈالر کی ادائیگی بھی مکمل کر دی گئی ہے۔

یہ پیش رفت پی آئی اے کے لیے اہم ہے کیونکہ 2020 میں مشتبہ پائلٹ لائسنسز کے باعث امریکی حکام نے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی، جس کے نتیجے میں پی آئی اے کی پروازوں کی درجہ بندی کیٹیگری 1 سے کیٹیگری 2 میں تبدیل کر دی گئی تھی۔

پابندی سے قبل پی آئی اے امریکہ کے لیے ہفتہ وار 6 پروازیں آپریٹ کرتی تھی، جن میں سے 4 نیو یارک اور 2 شکاگو کی پروازیں شامل تھیں۔ تاہم 2020 میں کورونا وبا کے دوران پی آئی اے نے خصوصی اجازت کے تحت چارٹر پروازیں آپریٹ کی تھیں۔

اب پی آئی اے کی امریکہ کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی کے امکانات بڑھ گئے ہیں اور ایف اے اے کی ٹیم کی آمد کے بعد یہ امید کی جا رہی ہے کہ امریکہ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں سوشل میڈیا کا مبینہ غلط استعمال، ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کو طلب لیا

اگر پی آئی اے کی درجہ بندی کو کیٹیگری 1 میں تبدیل کیا جاتا ہے تو پی آئی اے کے لیے امریکہ کے لیے باقاعدہ پروازوں کی بحالی کی راہ ہموار ہو جائے گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط میں اضافہ ہو گا اور پاکستانی مسافروں کے لیے امریکہ کا سفر مزید آسان ہو جائے گا۔

Scroll to Top