پشاور: تھانہ تاتارا کی حدود میں فیز 6 میں قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں بونیر کے رہائشی ابرار اللہ کو نامعلوم ملزمان نے قتل کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا، جبکہ جائے وقوعہ سے خالی خول اور دیگر شواہد اکٹھے کر لیے گئے۔ حیران کن طور پر مقتول کے پاس اس کا قیمتی آئی فون اور ہزاروں روپے نقد موجود تھے، جس سے یہ شبہ پیدا ہوتا ہے کہ قتل کی وجہ ڈکیتی نہیں بلکہ کوئی اور عنصر ہو سکتا ہے۔
مقتول کے چچا محبت خان کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ابرار اللہ سعودی عرب میں نرسنگ کے شعبے سے وابستہ تھا اور حال ہی میں اپنی شادی کے سلسلے میں پاکستان آیا تھا۔ 6 اپریل کو اس کی شادی طے تھی۔
یہ بھی پڑھیں: مانسہرہ: کمسن بچی سے زیادتی اور قتل کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار