پی ٹی آئی کے بلند بانگ دعوے جھوٹی مقبولیت کا مصنوعی غبارہ تھے جو ہوا میں اڑ گئے،خادم علی یوسفزئی

ریاستِ پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی، رٹ آف گورنمنٹ کی بحالی اور انتظامی نظم و ضبط کے استحکام کے تناظر میں خیبرپختونخوا کی سیاست اور گورننس پر اہم بحث جاری ہے جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خادم علی یوسفزئی نے مخالفین کے جھوٹے بیانیوں اور بلند بانگ دعوؤں کو بے نقاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عوامی خدمت اور عملی کارکردگی ہی اصل مقبولیت کی ضمانت ہے۔ 

پختون ڈیجیٹل کو خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ گورنر راج کے بعد عوام کے سامنے حقیقت آ چکی ہے  جبکہ شفیع جان، مینا خٹک اور دیگر کے دعوے محض ایک مصنوعی غبارے کی مانند ثابت ہوئے جن میں بھری ہوئی ہوا نکل چکی ہے اور ان کے بلند بانگ دعوے ہوا میں اڑ گئے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خادم علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا میں ہمہ وقت عوام کی خدمت میں مصروف رہی ہے اور گزشتہ برس سیلاب سمیت دیگر مشکل حالات میں بھی پارٹی کارکن اور رہنما لوگوں کی مدد کے لیے حاضر رہے۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ گورنر راج کے بعد زیادہ نمایاں انداز میں سامنے آنے کا مقصد پی ٹی آئی  کے لوگوں کو آئینہ دکھانا تھا جو یہ دعوے کرتے تھے کہ گورنر راج لگا کر دکھائیں تو یہ ہو جائے گا اور وہ ہو جائے گا تاکہ ثابت ہو سکے کہ عوام دراصل کیا چاہتی ہے اور کس قیادت کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس سوال پر کہ جو لوگ ایسے دعوے کر رہے تھے ان میں شفیع جان، مینا خٹک اور دیگر رہنما اس وقت کہاں ہیں؟ خادم علی یوسفزئی نے دوٹوک مؤقف اپنایا کہ یہ سب ایک مصنوعی غبارہ تھا جس میں ہوا بھر دی گئی تھی اور جھوٹی مقبولیت کے سوا اس میں کچھ بھی نہیں تھا، یوں ان کے تمام بلند بانگ دعوے ہوا میں اڑ گئے۔

دورانِ گفتگو کوہاٹ اور وہاں کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ ایک مقامی معاملہ ہے اور امید ہے کہ وہ کیفیت اب ویسی نہیں رہے گی۔

اس موقع پر زور دیا گیا کہ گورننس اور ڈسپلن فورس کا معاملہ نہایت اہم ہے؛ چونکہ ڈسپلن فورس کوئی سیاسی جماعت نہیں ہے اس لیے پہلے اس کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی تھی مگر اب یہ ایک باقاعدہ ڈسپلن فورس ہے اور یہاں سب سے بنیادی بات یہ ہے کہ رٹ آف گورنمنٹ بحال ہے اور آئندہ کوئی بھی ایسا اقدام نہیں کر سکے گا۔

امن کمیٹیوں کے خلاف کارروائی سے متعلق سوال پر کہا گیا کہ اول تو انہیں واضح پیغام دیا جاتا ہے کہ جب آپ ڈسپلن فورس میں تنخواہ لیتے ہیں تو اپنی فورس کے ضابطے پر عمل کریں اور قانون کے خلاف نہ جائیں، کیونکہ قانون کی خلاف ورزی کے لازمی نتائج سامنے آتے ہیں۔

ملکی سیاسی و آئینی منظرنامے پر بات کرتے ہوئے خیبرپختونخوا پولیس کے 2005 اور 2006 کے دور کا حوالہ دیا گیا اور کہا گیا کہ ملک کے چار صوبوں میں سے تین صوبوں میں بلاول بھٹو زرداری کی حکومت ہے پاکستان کے 70فیصد حصے پر ان کی جماعت کی حکومت قائم ہے اور کشمیر و گلگت بلتستان سمیت چھ یونٹس میں سے چار میں ان کی حکومت ہے لہٰذا ناراضگی کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔

انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا کہ رائے عامہ ہموار کرنے کا کوئی مطالبہ سامنے نہیں آیا، چند میڈیا ہاؤسز کی خواہش ہو سکتی ہے تاہم اچھے انتظامی یونٹس سے عوام کو عملی فائدہ ملتا ہے۔

مثال کے طور پر ذکر کیا گیا کہ ماضی میں صوابی ضلع مردان کا حصہ تھا اور الگ ضلع بننے کے بعد صوابی کے عوام کو فائدہ ہوا یا نقصان تو اس کا جواب فائدے کی صورت میں سامنے آیا کیونکہ وہاں عدالتیں، ڈی پی او اور ڈی سی آفس قریب آ گئے، شہریوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال مردان جانے کی زحمت سے نجات ملی، بڑا ہسپتال قائم ہوا اور آج صوابی میں یونیورسٹی بھی موجود ہے جو مردان کا حصہ رہنے کی صورت میں شاید نہ بن پاتی۔

تجاوزات اور گورننس پر بات کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر کوئی یہ دعویٰ کرتا ہے کہ تجاوزات گناہ ہیں اور شریعت میں ان کی گنجائش نہیں تو اسے خود اس معاملے میں آگے نہیں آنا چاہیے اور جب بکر، زید، عمر، گل رحمان، سعید رحمان، اللہ دتہ یا اللہ وسایا کی عمارتیں و دکانیں گرائی جاتی ہیں تو کسی کو استثنا کیوں ملنا چاہیے؟ محراب و منبر کے دعویداروں کی جانب سے تجاوزات کے باوجود مارکیٹیں بچانے کی بات کو نامناسب قرار دیا گیا۔

ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ پشاور، مردان، ہنگو، کوہاٹ اور لکی مروت میں صفائی، اسٹریٹ لائٹس اور بلب نظر آ رہے ہیں اور تیرہ سال بعد پہلی مرتبہ یہ احساس پیدا ہوا ہے کہ ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور میونسپل کمیٹی عوام کے خادم کے طور پر کام کر رہے ہیں اور گورننس دکھائی دے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : قرآن کریم پوری انسانیت کے لیے ہدایت، امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام ہے، گورنر فیصل کریم کنڈی

شفیع جان اور شاہد خٹک کے چار لاکھ یا آٹھ لاکھ افراد کے ہمراہ آنے کے دعوؤں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ آغاز ہی میں صورتحال واضح ہو گئی تھی کیونکہ پہلا تاثر ہی آخری ہوتا ہے۔

 لکی مروت، بنوں اور کرک میں عوام کی شرکت کا حال سب کے سامنے تھا، سواریاں نہ ملنے کے باعث ایک ایک مقام پر رکنا پڑا مگر اس میں کوئی کشش نہ رہی اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کا کوئی نام لیوا تک نہ بچا۔

اس موقع پر زور دیا گیا کہ مسائل مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر حل کیے جانے چاہئیں جبکہ حقیقی سیاسی لوگ جلاؤ گھیراؤ، دھمکیوں اور ایسی روش سے گریز کرتے ہیں اور یہ روش اختیار کرنے والے دراصل غیر سیاسی لوگ ہیں۔

Scroll to Top