قدرتی آفات کے سامنے انسانی بے بسی اور ہمسایہ ممالک میں ناقص ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے باعث جنم لینے والے انسانی المیے کی ایک اور افسوسناک تصویر نیپال سے سامنے آئی ہے جہاں اگست میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے مہینوں بعد بھی ہزاروں افراد کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
نیپال کی حکومت نے اب قانونی کارروائی مکمل ہونے پر سیلاب میں لاپتا ہونے والے 213 بھارتی شہریوں کو باضابطہ طور پر مردہ قرار دینے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ کھٹمنڈو میں قائم بھارتی سفارتخانے نے متاثرہ خاندانوں کو جاری کردہ فہرست کا جائزہ لینے اور کسی بھی اعتراض یا کوائف کی درستگی کے لیے 2 دسمبر 2026ء تک درخواستیں جمع کروانے کی مہلت دے دی ہے۔
نیپال کی نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی آر آر ایم اے) کی جانب سے اگست کے تباہ کن سیلاب میں لاپتا ہونے والے بھارتی شہریوں کی باضابطہ فہرست عوام کے سامنے جاری کر دی گئی ہے۔
نیپالی حکام نے متاثرہ خاندانوں کو اس فہرست میں ناموں کے اضافے، اخراج یا ذاتی کوائف میں کسی بھی قسم کی درستگی کے لیے اعتراضات اور درخواستیں جمع کرانے کا باقاعدہ موقع فراہم کیا ہے۔
کھٹمنڈو میں قائم بھارتی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقررہ مدت یعنی 2 دسمبر 2026ء تک موصول ہونے والی تمام تجاویز اور اعتراضات کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد نیپالی حکومت حتمی فہرست جاری کرے گی اور ان لاپتا افراد کی اموات کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔
بھارتی سفارتخانے کا مزید کہنا ہے کہ اموات کے باضابطہ اعلان کے بعد متعلقہ نیپالی مقامی حکام سے لاپتا بھارتی شہریوں کے ڈیتھ سرٹیفکیٹس حاصل کرنے کا قانونی عمل شروع کیا جائے گا۔
اس مرحلے کے دوران متاثرہ خاندانوں سے مزید معلومات اور ضروری سرکاری دستاویزات بھی طلب کی جا سکتی ہیں جبکہ سفارتخانہ آئندہ دنوں میں اس پورے طریقہ کار کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ رواں برس 26 اگست کو نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے نتیجے میں اب تک ایک ہزار 400 سے زائد افراد کی ہلاکتوں کی باضابطہ تصدیق ہو چکی ہے جبکہ غیر ملکی شہریوں سمیت 5 ہزار سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں۔
اس شدید سیلاب کے باعث بھوٹے کوشی اور تریشولی دریاؤں کے کنارے بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا تھا، جبکہ تقریباً ایک درجن پن بجلی منصوبے بھی بری طرح متاثر ہوئے تھے۔
نیپال کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق 12 مختلف ممالک کے سفارتی مشنز کے ذریعے مجموعی طور پر 452 لاپتا غیر ملکی شہریوں کے مصدقہ کوائف موصول ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے: فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت اجلاس میں انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا فیصلہ !
ان لاپتا غیر ملکیوں میں سب سے زیادہ تعداد بھارت کی ہے جہاں کے 213 شہری لاپتا ہیں جبکہ دیگر ممالک میں 85 چینی، 69 امریکی، 32 برطانوی، 27 کینیڈین، 9 سنگاپوری، 6 جنوبی افریقی اور 4 فرانسیسی شہری شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ہنگری، بیلجیئم اور قازقستان کے 2، 2 شہری جبکہ بیلاروس کا ایک شہری بھی لاپتا افراد کی فہرست میں شامل ہے۔





