دیر بالا: خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں میٹرک کے امتحانات شروع ہونے سے قبل انتظامیہ کی جانب سے نقل کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔
دیر بالا میں اسسٹنٹ کمشنر شرینگل محمد فیاض نے شرینگل بازار میں بک شاپس کا معائنہ کیا، جہاں امتحانی مواد، پاکٹ گائیڈز اور دیگر ممنوعہ مواد کو ضبط کر کے دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے نافذ کردہ دفعہ 144 کے تحت اس مواد کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے بھی میٹرک امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ امتحانی مراکز کے قریب پاکٹ گائیڈز اور دیگر غیر قانونی مواد کی فروخت ممنوع ہوگی، جبکہ امتحانی اوقات کے دوران فوٹو اسٹیٹ مشینیں بھی بند رکھی جائیں گی۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو امتحانی ہالوں کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، اور عام افراد کے امتحانی مراکز کے قریب جمع ہونے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ مزید برآں، تمام امتحانی ہالوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ نقل کے امکانات کو کم کیا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد امتحانات کو شفاف اور میرٹ پر مبنی بنانا ہے تاکہ طلبہ اپنی محنت سے کامیابی حاصل کر سکیں۔





