پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا ہے کہ تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا اور پارٹی کے اندر کسی قسم کی کشمکش کا وجود نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ پی ٹی آئی میں آج ہیں، وہ اس بات کو اپنی خوش قسمتی سمجھتے ہیں اور بانی پی ٹی آئی سے بددیانتی یا بے وفائی نہیں کریں گے۔
نجی ٹی وی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ قانون کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنا ان کا حق ہے اور اس حوالے سے ہائیکورٹ کے فیصلے بھی موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی خود انہیں مشاورت دیتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ کس سے ملنا چاہتے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں کوئی کشمکش یا تقسیم نہیں ہے، تاہم بعض لوگ ہر بار اپنا نام شامل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے اس بات کی وضاحت بھی کی کہ بابر اعوان کا نام اگلے ہفتے کی لسٹ میں شامل نہیں تھا اور ان کا نام انہوں نے نہیں نکالا۔ جیل کے معاملات کے حوالے سے چودھری ظہیر عباس ایڈووکیٹ، فوجداری مقدمات میں سلمان صفدر اور آئینی نوعیت کے معاملات میں وہ خود شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی پرفارمنس کے بارے میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وہ ٹھیک ہے اور بانی پی ٹی آئی نے انہیں بتایا کہ اس بات میں کوئی حقیقت نہیں کہ علی امین گنڈاپور کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا عہدہ مستحکم ہے اور بانی پی ٹی آئی کا ان پر اعتماد ہے۔
یہ بھی پڑھیں میرا کسی پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں ،عمران خان بلائینگے تو ملنے جائونگا ، شیر افضل مروت
جے یو آئی کے ساتھ اتحاد کے حوالے سے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جے یو آئی سے اتحاد کی خواہش موجود ہے اور اس میں بڑی حد تک پیش رفت ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت بڑا اتحاد بن رہا ہے جو جلد سامنے آ جائے گا، اور بانی پی ٹی آئی کی واضح ہدایت ہے کہ جے یو آئی سے بات چیت جاری رکھی جائے۔