پشاور ہائیکورٹ نے کوہاٹ بورڈ کی جانب سے نجی سکولوں کے امتحانی ہالوں کی سرکاری سکولوں میں منتقلی کیخلاف دائر رٹ پٹیشن پر عبوری حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا مسترد کردی ۔
تفصیلات کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پہلے سرکاری اور نجی اسکولوں کے امتحانی ہال الگ الگ ہوتے تھے مگر اب انہیں یکجا کردیاگیا ہے جس سے نجی سکولوں کے طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے ۔درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لاکھوں طلبہ نجی سکولوں میں زیر تعلیم ہیں اور ان اداروں کے پاس تمام سہولیات سے آراستہ امتحانی ہالز موجود ہیں ۔
چیئرمین کوہاٹ بورڈ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس پالیسی کو صوبائی حکومت نے سراہا ہے اور اسے صوبے بھر میں لاگو کیاجارہاہے ، انہوں نے مزید کہاکہ ہم کسی کے دبائو میں آکر مخصوص امتحانی ہالز فراہم نہیں کرسکتے ۔
عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد امتحانی ہالوں کی منتقلی روکنے کی درخواست مسترد کردی۔





