پاکستان کرکٹ میں بڑے فیصلے، سلمان علی آغا ٹی20 اسکواڈ سے ڈراپ

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم میں اہم تبدیلیوں کی اطلاعات سامنے آگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹی20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کی کپتانی کا دور اختتام پذیر ہوگیا ہے اور انہیں ٹی20 اسکواڈ سے بھی ڈراپ کردیا گیا ہے۔

سلمان علی آغا ٹیسٹ ٹیم کے بعد اب ٹی20 ٹیم سے بھی باہر ہوگئے ہیں، تاہم وہ بدستور ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی20 ٹیم کی قیادت کے لیے صاحبزادہ فرحان اور شاداب خان کے نام زیرِ غور ہیں اور دونوں کے درمیان کپتانی کے لیے مقابلہ جاری ہے۔ دوسری جانب حارث رؤف کے بعد شاہین آفریدی کو بھی ٹی20 اسکواڈ سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شاہین آفریدی پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 136 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، جبکہ حارث رؤف کے نام 133 وکٹیں ہیں۔ ایجبسٹن ٹیسٹ کے ہیرو رضا اللہ بھی ٹی20 اور ون ڈے اسکواڈ میں شمولیت کے مضبوط امیدوار قرار دیے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسکول وین حادثہ، مری میں زخمی 14 سالہ عائشہ دورانِ علاج انتقال کرگئی

ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی ون ڈے ٹیم کی قیادت بدستور جاری رکھیں گے، جبکہ ٹیسٹ کپتان بابر اعظم ٹی20 اور ون ڈے دونوں اسکواڈز کا حصہ ہوں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 9 سے 13 اکتوبر تک راولپنڈی میں 3 ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں تین ملکی ون ڈے ٹورنامنٹ بھی کھیلا جائے گا، جس میں میزبان پاکستان کے علاوہ انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

Scroll to Top