ضلع کرم میں فریقین کے درمیان آٹھ ماہ کے لئے امن معاہدہ طے پا گیا

ضلع کرم میں پائیدار اور دیرپا امن کے قیام کے لیے لوئر اور اپر کرم کے مشران کے درمیان ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں امن تیگہ (امن معاہدہ) پر اتفاق کیا گیا۔ قلعہ عباس صدہ میں منعقدہ اس جرگے میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ آٹھ ماہ کے لیے امن تیگہ برقرار رکھا جائے گا، تاکہ علاقے میں امن و امان کی فضا بحال رہے۔

ذرائع کے مطابق جرگے میں یہ طے پایا کہ کوہاٹ معاہدے کی روشنی میں اگر کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی جی او سی اور دیگر ریاستی اداروں سے مزید مشاورت کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ علاقے میں مستقل بنیادوں پر امن کے قیام کے لیے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔

جرگے کے دوران مشران نے اس بات پر زور دیا کہ علاقے میں پائیدار امن کے لیے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔ دونوں فریقین نے نہ صرف ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا بلکہ عوام کی سہولت کے لیے سڑکوں کی بحالی اور سفری آسانیوں کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

اس جرگے کے فیصلے کو مقامی سطح پر ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں علاقے میں دیرپا امن کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top