خیبرپختونخوا حکومت نے مہمند ڈیم واٹر سپلائی سکیم کی منظوری دے دی

 پشاور: پشاور کے باسیوں کیلئے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، جب خیبرپختونخوا کابینہ نے صوبائی دارالحکومت کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے بڑے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت کابینہ کے 30ویں اجلاس میں مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے واٹر سپلائی سکیم کیلئے انٹیک اسٹرکچر اور ٹنل کی تعمیر کی لاگت صوبائی وسائل سے پورا کرنے کی منظوری دی گئی۔

یہ اقدام پشاور کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ شہر میں صاف پانی کی فراہمی کو دیرپا بنیادوں پر یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ ضلع مہمند کے اُن علاقوں کو بھی منصوبے میں شامل کرنے کا جائزہ لیا جائے جو پانی کی قلت کا شکار ہیں۔

حکام کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف پشاور میں پانی کے مسائل کم ہوں گے بلکہ قریبی پسماندہ علاقوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سکیم صوبے میں پانی کے طویل مدتی انتظام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

یہ بھی پڑھیں خیبر پختونخوا، صحت سہولت پروگرام میں ٹرانسپلانٹ اور امپلانٹ سروس شامل کرنے کا فیصلہ

عوامی و سماجی حلقوں نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ منصوبے پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو جلد از جلد صاف پانی کی سہولت میسر آ سکے۔

Scroll to Top