صوبائی وزیر زراعت سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ بھنگ کی کاشت کو باقاعد ہ قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ،فیصلے کے تحت صوبے میں مخصوص اضلاع میں بھنگ کی کاشت کا آغاز کیاجائیگا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر زراعت سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں باقاعدہ رولز کی منظوری دیدی ہے ،ہم اس شعبے کو مکمل طورپر ریگولیٹ کررہے ہیں تاکہ اس سے غیر قانونی استعمال کو روکا جاسکے اور صرف لائسنس یافتہ افراد ہی بھنگ کی کاشت کرسکیں ۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے ایک بین الادارہ جاتی کمیٹی تشکیل دی جائیگی جو بھنگ کے شعبے میں کام کرنے کے خواہشمند افراد کو لائسنس جاری کرنے کے عمل کی نگرانی کریگی ، اس کمیٹی میں زراعت ،صحت ،ایکسائز اور نارکاٹیکس کنٹرول سمیت متعلقہ محکموں کے نمائند ے شامل ہونگے ۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں بھنگ کی کاشت صرف مخصوص علاقوں تک محدود ہوگی ، اور اس سلسلے میں ایک ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی جائیگی جو بھنگ کی کاشت ،پیداوار ، ترسیل اور استعمال کے تمام پہلوئوں کو مانیٹر اور ریگولیٹ کریگی۔
صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ بھنگ کی کاشت سے صوبے میں غذائی اجناس کی قلت نہیں ہوگی اور اس پالیسی سے اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، لائسنس کے اجراکیلئے مختلف شعبوں کے حساب سے فیس مقرر ی جائیگی اور صرف وہی افراد کاشت کی اجازت کے اہل ہوں گے جن کے پاس باقاعد ہ لائسنس ہوگا۔
حکومت کا ماننا ہے کہ اس اقدام سے صنعتی ، طبی اور تحقیقی مقاصد کیلئے بھنگ کو استعمال میں لاکر مقامی معیشت کو سہارا دیا جاسکتا ہے جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی ۔





