رمضان پیکج کی تقسیم میں تاحال تاخیر برقرار ، صوبے کے دو لاکھ سے زائد مستحق افراد اب بھی اس مالی امداد سے محروم ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے رواں سال 10لاکھ 16ہزار 395خاندانوں کو دس ہزار روپے فی کس کے حساب سے رمضان پیکج دینے کا اعلان کیاتھا، تاہم فہرستوں میں شامل ہزاروں افراد کو نام ، شناختی کارڈ نمبرز اور دیگر معلومات میں فرق کی وجہ سے یہ پیکج بروقت تقسیم نہیں ہوسکا۔
وزیر برائے سوشل ویلفیئر نے تکنیکی مسائل کے باعث تاخیر کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن افراد کو تاحال 10ہزار روپے کی امداد نہیں مل سکی ،ان کا ڈیٹا درست کرنے پر کام جاری ہے ۔
انہوں نے وضاحت کی کہ رمضان کے دوران 8لاکھ افراد کو امداد فراہم کی جاچکی ہے ، جبکہ باقی رہ جانیوالے مستحقین کی فہرستوں میں تصحیح کے بعد جلد رقم جاری کی جائے گی ۔
سوشل ویلفیئر حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 8لاکھ 5ہزار مستحقین کو رمضان پیکج فراہم کیاجاچکا ہے ، جبکہ باقی افراد کو امداد دینے کا عمل جاری ہے ۔
عوامی حلقوں کی جانب سے اس تاخیر پر تشویش کا اظہار کیاجارہاہے اور مطالبہ کیاجارہا ہے کہ رمضان کی بابرکت گھڑیوں کے بعد بھی مستحقین کی امداد میں تاخیر افسوسناک ہے ، جسے فوری طورپر دور کیاجائے۔





