پاکستان کی سعودی عرب کو بھکاری مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی

اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب جانے والے بھکاری مافیا کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مزید تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اتوار کو اسلام آباد میں وزیرداخلہ محسن نقوی کی سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات ہوئی۔

سعودی سفارتخانے میں سعودی سفیر نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیرمقدم کیا، اور ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کی فروغ اور باہمی تعاون میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی حکومت اور سعودی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب جانے والے بھکاری مافیا کے خلاف سخت اقدامات کیے ہیں اور ان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے پاسپورٹ کے حصول میں نئی شرائط متعارف کرائی جارہی ہیں۔

محسن نقوی نے سعودی عرب کے ساتھ انسداد منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سعودی سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ سعودی شہریوں کے لیے پاکستان آنے پر کوئی ویزا کی ضرورت نہیں، وہ جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعظم شہبازشریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات،اہم معاملات پر گفتگو

دوسری جانب سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط اور قریبی بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

Scroll to Top