قاضی انورنے کہا ہے کہ الزامات سے پیشہ ورانہ اور سماجی حیثیت متاثر ہوئی،ازالہ 500 ملین ہرجانے کی صورت میں کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل لائرز فورم (آئی ایل ایف) کے صوبائی صدر قاضی انور نے سینئر وکیل معظم بٹ کے خلاف 500 ملین روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا، مقدمہ پشاور کی ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں داخل کیا گیا ہے۔قاضی انور نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ معظم بٹ نے ان کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے، جن سے ان کی ساکھ، پیشہ ورانہ ساکھ اور سماجی عزت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔
درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ معظم بٹ نے قاضی انور پر ایڈووکیٹ جنرل آفس سے مبینہ بھتہ وصولی، صوبائی حکومت سے مالی فوائد حاصل کرنے اور حکومتی معاملات میں مداخلت جیسے سنگین الزامات لگائے۔
قاضی انور نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان الزامات کے نتیجے میں ہونے والے ذہنی، سماجی اور پیشہ ورانہ نقصان کے ازالے کے طور پر انہیں 500 ملین روپے ہرجانہ دلایا جائے۔
عدالت نے مقدمہ موصول کر لیا ہے، اور جلد ہی کیس کی سماعت کے لیے تاریخ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔





