بڑے دل کا مظاہرہ، ثناء اللہ مستی خیل نے میٹر اتارنے والوں کو معاف کر دیا، پی اے سی نے معاملہ نمٹا دیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں رکن اسمبلی ثناء اللہ مستی خیل کے گھر سے بجلی کا میٹر اور ٹرانسفارمر اتارنے کے واقعے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ چیئرمین پی اے سی جنید اکبر کی زیر صدارت اجلاس میں اراکین نے اس واقعے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
اجلاس میں چیئرمین پی اے سی جنید اکبر نے بتایا کہ ثناء اللہ مستی خیل نے فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واقعے کے ذمہ داروں کو معاف کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ معاف نہ کرتے تو پی اے سی سخت کارروائی کرتی۔
جنید اکبر نے واضح کیا کہ ’’پی اے سی اپنے ممبران کی عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، اس قسم کا رویہ ناقابل قبول ہے۔‘‘
اجلاس کے دوران سیکریٹری توانائی نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں ملوث افسران نے معذرت کر لی ہے اور آئندہ اس طرح کے واقعات نہ ہونے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ پی اے سی چیئرمین کے مطابق، معافی کی منظوری کے بعد یہ معاملہ ختم تصور کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل واپڈا اہلکار مبینہ طور پر بغیر اطلاع کے ثناء اللہ مستی خیل کے گھر سے میٹر اور ٹرانسفارمر اتار کر لے گئے تھے، جس پر پی اے سی نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔





