پی ایس ایل 11 کی ’ٹیم آف دی ٹورنامنٹ‘ کا اعلان، کون کون شامل؟ تفصیلات جاری

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں سیزن کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم آف دی ٹورنامنٹ اور ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔

ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کو اس ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔ بابر اعظم نے 588 رنز بنا کر نہ صرف ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر کا اعزاز جیتا بلکہ بطور کپتان اپنا پہلا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔

ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا انتخاب معروف کمنٹری پینل پر مشتمل 5 رکنی کمیٹی نے کیا ہے۔ اس اسکواڈ میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کے 3،3 کھلاڑی جبکہ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے 2،2 کھلاڑی شامل ہیں۔

منتخب ٹیم میں بابر اعظم کے ساتھ فخر زمان، کوشل مینڈس، شان مسعود اور عثمان خان کو شامل کیا گیا ہے۔ آل راؤنڈرز اور بولنگ کے شعبے میں شاداب خان، حسن خان، شاہین شاہ آفریدی، حنین شاہ، سفیان مقیم اور رچرڈ گلیسن جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

پشاور زلمی کے سفیان مقیم 22 وکٹیں حاصل کر کے ٹورنامنٹ کے بہترین بولر اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔ کوشل مینڈس نے 550 رنز کے ساتھ وکٹ کیپنگ میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی، جبکہ حسن نواز کو بارہویں کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں رکھا گیا ہے۔

اسی کمیٹی نے مستقبل کے ستاروں پر مشتمل ابھرتی ہوئی ٹیم کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس ٹیم میں سمیر مہناس، شمائل حسین، معاذ صداقت، سعد بیگ، فرحان یوسف، سعد مسعود، حنین شاہ، علی رضا، محمد اسماعیل، عبید شاہ اور مومن قمر شامل ہیں۔

پی ایس ایل 11 کے مجموعی طور پر 44 میچز 26 مارچ سے 3 مئی تک لاہور اور کراچی میں کھیلے گئے۔ اس سیزن میں بابر اعظم نے دو سینچریاں اسکور کیں اور ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔

Scroll to Top