پی ایس ایل کا اگلا ایڈیشن کب ہوگا؟ اہم تجویز سامنے آگئی

Pakistan SCO Summit 2026

پاکستان سپر لیگ کا آئندہ ایڈیشن جنوری میں کرانے کی تجویز سامنے آگئی، پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل فرنچائز مالکان کے درمیان لیگ کے شیڈول سے متعلق مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق جنوری میں پی ایس ایل کرانے کی تجویز میڈیا حقوق کے ادارے کی جانب سے دی گئی ہے۔ اپریل، مئی میں محدود تشہیری آمدن کے باعث لیگ جلد کرانے پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ فرنچائزز کو نشریاتی آمدن کی مکمل ادائیگی کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔

جنوری میں پی ایس ایل کے انعقاد کی صورت میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی بڑا چیلنج بن سکتی ہے، کیونکہ اسی عرصے میں آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ اور جنوبی افریقہ کی ایس اے ٹوئنٹی بھی جاری ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق جنوری میں پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید سردی اور دھند بھی پی ایس ایل کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔ لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں جنوری اور فروری کے دوران دھند اور کم درجہ حرارت میچز کے انعقاد میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

پی ایس ایل کا آغاز کراچی سے کرکے بعد ازاں پنجاب اور پشاور منتقل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ پاکستان کے پاس نومبر کے وسط سے مارچ تک بین الاقوامی کرکٹ کے لیے واضح وقت موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل گورننگ کونسل لیگ کا دائرہ سال بھر پھیلانے کے مختلف آپشنز پر بھی غور کر رہی ہے۔ فرنچائزز کو آمدن کے نئے ذرائع فراہم کرنے کے لیے وسط سال ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور زلمی نے دوسری بار پی ایس ایل کا ٹائٹل جیت لیا

پی سی بی نے موجودہ معاہدے کے تحت وسط سال ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز پیش کی ہے، جبکہ پی ایس ایل میں ای اسپورٹس کو شامل کرنے اور نوجوان ناظرین کی تعداد بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے پہلے نو سیزنز فروری اور مارچ میں منعقد ہوئے، تاہم چیمپئنز ٹرافی اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے باعث گزشتہ دو سیزنز اپریل اور مئی میں کرائے گئے تھے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top