عازمینِ حج و عمرہ کے نام پر بڑا فراڈ: میننجائٹس ویکسین دگنے داموں فروخت کرنے کا انکشاف

حج اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے لاکھوں عازمین کے ساتھ ہونے والی سنگین لوٹ مار کا پردہ چاک ہو گیا ہے۔ وزارتِ قومی صحت نے حج اور عمرہ زائرین کو لگنے والی میننجائٹس (گردن توڑ بخار) کی ویکسین مقررہ نرخوں سے تقریباََ دگنے داموں فروخت کرنے کے مبینہ اسکینڈل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

دستاویزات اور وزارتِ صحت کے ذرائع کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی جانب سے اس ویکسین کی سرکاری قیمت 1,356 روپے منظور کی گئی تھی لیکن انتہائی حیران کن اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہی ویکسین وزارتِ مذہبی امور کو 2,555 روپے فی ڈوز کے حساب سے فراہم کی گئی۔ اس ہوشربا قیمت کے فرق نے سرکاری خریداری میں ہونے والی کرپشن اور ملی بھگت کے تمام پردے چاک کر دیے ہیں۔

معاملے کی سنگین نوعیت کو دیکھتے ہوئے وزارتِ صحت نے ایڈیشنل سیکرٹری صحت کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ یہ کمیٹی سال 2022 سے لے کر 2026 تک کے ویکسین کی خریداری اور قیمتوں کے تمام ریکارڈز کا باریک بینی سے جائزہ لے گی تاکہ اتنے بڑے پیمانے پر قیمتوں کے اس تضاد اور اس کے پس پردہ محرکات کا سراغ لگایا جا سکے۔

کمیٹی یہ بھی جانچ کرے گی کہ آیا ڈریپ (DRAP) اور متعلقہ ذمہ دار حکام ویکسین کی زائد نرخوں پر فروخت کو روکنے میں کیوں ناکام رہے اور اس سنگین غفلت اور بدانتظامی کے پیچھے اصل ذمہ دار کون لوگ ہیں۔

وزارت کی جانب سے کمیٹی کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ29 اکتوبرتک اپنی حتمی رپورٹ پیش کرے۔

عمرہ زائرین کے لیے منگوائی جانے والی ویکسین کی خریداری میں بے ضابطگیوں کے اس مبینہ اسکینڈل کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) نے بھی سخت ایکشن لے لیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران بارڈر ہیلتھ سروسز کے تین اہم افسران کو حراست میں لے لیا گیا ہے جو اس وقت ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : حج بکنگ کے نام پر فراڈ کا خطرہ، وزارت مذہبی امور نے عوام کو خبردار کردیا

توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس جامع انکوائری کے بعد خریداری کے پورے نظام، ریگولیٹری میکزم اور زائرین کو سپلائی کیے جانے والے طبی سامان کی مانیٹرنگ کرنے والے تمام ذمہ داران کا مکروہ چہرہ پوری طرح بے نقاب ہو جائے گا اور سرکاری فنڈز پر ڈاکہ ڈالنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Scroll to Top