دہلی ،تہران اور ماسکو کی پروازیں طویل اور زائد لاگت کے سبب بھارتی ائیر لائنوں کو نظرثانی کرنے پر مجبور کررہی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کی بندش نے بھارتی ایئرلائنز کی پروازوں کو شدید متاثر کیا ہے، خصوصاً ایئربس A320 ساختہ طیارے تکنیکی اور لاجسٹک مشکلات کے باعث گراؤنڈ کیے جا رہے ہیں۔ فضائی ماہرین کے مطابق یہ اقدام بھارت کے کئی کلیدی بین الاقوامی روٹس پر پڑنے والے منفی اثرات کا نتیجہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق دہلی سے کابل، تاشقند اور الماتی جانے والی پروازیں جو پہلے مختصر اور براہ راست راستوں سے ہوتی تھیں، اب طویل اور متبادل راستوں پر منتقل ہو چکی ہیں، جس کے باعث ایندھن کی اضافی کھپت اور اخراجات میں غیرمعمولی اضافہ ہو گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہلی سے استنبول کی پرواز، جو پہلے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے نان اسٹاپ ہوتی تھی، اب اسے دوحہ یا احمدآباد میں ایندھن بھرنے کے لیے رکنا پڑتا ہے، جس سے پرواز کا دورانیہ اور لاگت دونوں بڑھ گئے ہیں۔
مزید برآں، دہلی سے تہران اور ماسکو کے لیے بھی پروازیں اب ازسرِ نو جائزے کے عمل سے گزر رہی ہیں۔ بھارتی ایئرلائنز حکام کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بندش نے ان کی بین الاقوامی پروازوں کی شیڈولنگ اور آپریشنل لاگت کو بُری طرح متاثر کیا ہے، جس کا ازالہ فوری طور پر ممکن نظر نہیں آ رہا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو بھارتی ایئرلائنز کو مزید طیارے گراؤنڈ کرنے اور کئی روٹس بند کرنے پر مجبور ہونا پڑ سکتا ہے، جس کا براہ راست اثر مسافروں، سفری سہولتوں اور خطے کی مجموعی فضائی ٹریفک پر پڑے گا۔





