بھارت نے ہمارے اکاؤنٹ بند کیے تو ہم نے گھر میں گھس کر مارا، عطا تارڑ

بھارت کو ایک اور محاذ پر ناکامی کا سامنا پڑ گیا، بھارتی نیوز چینل پر پاکستان کا ملی نغمہ نشر ہونے کے بعد وزیراطلاعات عطا تارڑ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنا بیانیہ بھارت میں پیش کرنے میں سبقت لے گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی میڈیا پر اپنی موجودگی درج کرواتے ہوئے ایک نئی سفارتی اور تکنیکی کامیابی حاصل کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کیے جانے کے بعد پاکستان نے بھارتی یوٹیوب چینلز اور پلیٹ فارمز پر جوابی طور پر ملی نغمہ نشر کروایا جو تکنیکی مہارت کا نتیجہ ہے۔

عطاء تارڑ کے مطابق وزارت اطلاعات نے یہ ملی نغمہ تیار کیا جو بھارتی ناظرین تک پہنچایا گیا، انہوں نے اس اقدام کو پاکستان کے مؤثر بیانیے کی کامیاب پیشکش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جب ہمارے اکاؤنٹس بند کیے تو ہم نے گھر میں گھس کر مارا۔

یہ بھی پڑھیں: مودی نے پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام سے محروم کرنے کی سازش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکا، رانا ثنااللہ

انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام واقعے پر بھارت کو ایک اور محاذ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا اور پاکستان نے ٹیکنالوجی اور اسمارٹ حکمت عملی کے ذریعے بیانیے کی جنگ میں سبقت حاصل کی۔

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ جیوٹیگنگ اور جدید ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے یہ ملی نغمہ بھارتی یوٹیوب چینلز تک پہنچایا گیا، جسے وہاں کے ناظرین کی بڑی تعداد نے سنا، الحمدللہ بھارت کو ایک اور محاذ پر منہ کی کھانا پڑی۔

Scroll to Top