مودی نے پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام سے محروم کرنے کی سازش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکا، رانا ثنااللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و سیاسی امور رانا ثنااللہ نے ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) پر دباؤ ڈالا کہ وہ پاکستان کا مالیاتی پروگرام معطل کرے لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

راناثنااللہ نے پی ٹی آئی پر تقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی اس سازش میں پاکستان کی ایک سیاسی جماعت تحریک انصاف بھی پس پردہ شامل ہے، انہوں نے کہا کہ مودی اور پی ٹی آئی دونوں چاہتے ہیں کہ پاکستان معاشی عدم استحکام کا شکار ہو لیکن ہم ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔

مشیر وزیراعظم نے کہا کہ مودی نہ صرف پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے بلکہ کشمیر کے مسئلے پر بھی دنیا کو گمراہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کی آڑ لے کر بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی نئی لہر لانا چاہتا ہے لیکن پاکستان نے اس واقعے کی شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی ہے تاکہ سچ دنیا کے سامنے آ سکے۔

رانا ثنااللہ نے کشمیری عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت گزشتہ 70 سال سے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے مگر وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت مل کر رہے گا، یہ پاکستان کا تاریخی اور اصولی مؤقف ہے جس سے ہم ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 8 لاکھ فوج کے باوجود کشمیر میں سیاحتی مقامات بند کرنا بھارتی سیکیورٹی اداروں کی ناکامی کا ثبوت ہے، مشعال ملک

رانا ثنااللہ نے پاکستان کے میزائل پروگرام کی اہم کامیابی کا بھی ذکر کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کامیابی کے ساتھ ابدالی میزائل کا تجربہ کیا ہے جو نہ صرف روایتی بلکہ ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے، یہ ہماری دفاعی صلاحیت کا واضح پیغام ہے خاص طور پر ان قوتوں کے لیے جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں۔

Scroll to Top