قومی سلامتی کمیٹی کا بڑا فیصلہ! بھارتی جارحیت پر پاک فوج کو مکمل جوابی کارروائی کا اختیار دیدیاگیا

بھارتی جارحیت پر دوٹوک مؤقف: قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو بھرپور جوابی کارروائی کا مکمل اختیار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بھارت کی جانب سے کی گئی بلااشتعال جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کو مؤثر اور مکمل جوابی کارروائی کا اختیار دے دیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء، مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔ کمیٹی کو بھارتی جارحیت، زمینی حقائق، پاک فوج کے فوری ردعمل، اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی افواج نے گزشتہ رات سیالکوٹ، شکرگڑھ، مریدکے، بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد جیسے شہری علاقوں کو خیالی دہشتگردی کیمپوں کا بہانہ بنا کر نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں معصوم مرد، خواتین، اور بچے شہید ہوئے، جب کہ مساجد اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

قومی سلامتی کمیٹی نے بھارتی کارروائی کو پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کھلا حملہ قرار دیا اور عالمی برادری کو متوجہ کیا کہ بھارت کے یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہیں، جو جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔

اجلاس میں شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی گئی۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گا، اور پاک فوج کو ہر ممکن اقدام کی مکمل اجازت دے دی گئی ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں زور دیا گیا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، مگر جارحیت کا جواب دینا اس کا حق بھی ہے اور فرض بھی۔

Scroll to Top