بھارتی جارحیت سے شہید ہونیوالے 7 سالہ ارتضیٰ عباس کی نماز جنازہ ادا،صدر،وزیراعظم اور آرمی چیف کی شرکت

آزاد جموں و کشمیر کے علاقے دوارندی میں بھارت کی بلااشتعال سرحد پار جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے 7سالہ ارتضیٰ عباس طوری جو لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس طوری کے صاحبزادے ہیں کی نماز جنازہ اسلام آباد میں اداکردی گئی۔

نمازِ جنازہ میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سمیت اعلیٰ سرکاری و عسکری حکام، حاضر سروس و ریٹائرڈ افسران، فوجی جوانوں اور شہید کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔

نمازِ جنازہ کے بعد وزیراعظم شبہاز شریف نے بھارت کی بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں بشمول بچوں، خواتین اور بزرگوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا بزدلی کا قابلِ مذمت عمل ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات بھارتی حکومت کی جارحانہ اور تکبر آمیز ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں، جو علاقائی اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

صدر اور وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج بھارتی افواج کا ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں اور بھرپور اور غیر متزلزل جواب دے رہی ہیں۔

انہوں نےکہاکہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی ان کھلی خلاف ورزیوں کا فیصلہ کن اقدام سے جواب دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:اسحاق ڈار اور اسپین کے وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، بھارتی جارحیت پر اظہار تشویش

صدر اور وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بھارت کی اس جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے معصوموں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ آمین۔

Scroll to Top