پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا،ایمل ولی خان

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی )کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے بھارت کی جانب سے رات کے وقت پاکستان پر کیے گئے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے میں بے گناہ شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تشدد کسی بھی مسئلے کا پائیدار حل نہیں، اور خطے میں امن و استحکام صرف بات چیت اور بامعنی مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، اور بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان کا دفاع اس کا آئینی اور اخلاقی حق ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ایسے نازک مواقع پر سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ کر پوری قوم کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جنگی اشتعال سے گریز کرتے ہوئے ملکی دفاع کے لیے مؤثر اور ذمہ دارانہ اقدامات کرے۔

ایمل ولی خان نے کہا، “ہمارے داخلی مسائل ہم خود حل کریں گے، لیکن جب بات قومی سلامتی اور خودمختاری کی ہو تو تمام سیاسی و سماجی قوتوں کو ایک صف میں کھڑا ہونا ہوگا۔”

یہ بھی پڑھیں:بھارتی جارحیت سے شہید ہونیوالے 7 سالہ ارتضیٰ عباس کی نماز جنازہ ادا،صدر،وزیراعظم اور آرمی چیف کی شرکت

اے این پی کے سربراہ نے خطے میں امن کے خواہاں حلقوں، خاص طور پر پاکستان اور بھارت میں امن اور عدم تشدد کے حامی افراد و تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور کشیدگی کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

Scroll to Top