واشنگٹن : انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے لیے فنڈنگ پر نظرثانی کے سلسلے میں ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس کل منعقد ہوگا۔
اس اجلاس میں پاکستان کے موجودہ معاشی پروگرام اور اس سے متعلق آئندہ اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
آئی ایم ایف کے ترجمان کے مطابق عالمی مالیاتی ادارہ پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا اور موجودہ معاشی پروگرام کی مکمل حمایت کی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے اپنی معیشت میں بہتری لانے کے لیے اہم اور قابل ذکر اقدامات کیے ہیں جن کی عالمی سطح پر پذیرائی ہو رہی ہے۔
آئی ایم ایف کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے اہم ہیں بلکہ اس کا اثر پورے خطے پر بھی پڑے گا۔ وہ فنڈ کے ذریعے پاکستان کی معاشی پالیسیوں کا جائزہ لے کر آئندہ کے فیصلے کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : اسپین نے پاکستان کے تحمل مزاج رویے کو عالمی سطح پر سراہا
ایک اور اہم بات کرتے ہوئے ترجمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی میں جلد کمی آئے گی تاکہ خطے میں اقتصادی استحکام اور ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔
عالمی مالیاتی ادارہ پاکستان کے ترقیاتی اہداف کی تکمیل کے لیے حمایت فراہم کرتا رہے گا اور اس بات کا یقین دہانی کرائی گئی کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی مالی معاونت میں کمی نہیں آئے گی۔





