’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد ،، آرمی چیف کا نعرہ ہر دل کی آواز، نیا ملی نغمہ جاری

خواتین، بزرگ، بچے یک زبان: پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد

پاکستان نے حالیہ کشیدگی میں بھارت کو تاریخی اور عبرت ناک شکست دے کر نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے بلکہ پوری قوم کے حوصلے، اتحاد اور جذبۂ قربانی کی نئی مثال قائم کر دی۔

اس عظیم کامیابی کا جشن منانے کے لیے اتوار کے روز ہزاروں شہری واہگہ بارڈر پر جمع ہوئے جہاں وطن سے محبت کا بھرپور مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔

نوجوان، بزرگ، خواتین اور بچے سبز ہلالی پرچم اٹھائے “اللہ اکبر”، “پاک فوج زندہ باد” اور “پاکستان پائندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے فضا کو گونجاتے رہے۔ اگرچہ پاکستان اسٹیڈیم ابھی زیرتعمیر ہے اور عام دنوں میں شرکت محدود ہوتی ہے، تاہم اس روز واہگہ بارڈر پر انسانوں کا جمِ غفیر امڈ آیا۔

پریڈ کے اختتام پر شہریوں نے پاکستان رینجرز پنجاب کے جانبازوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، انہیں ہار پہنائے اور “ہمیں تم پر ناز ہے” کے نعرے لگائے۔ بزرگ خواتین نے جوانوں کے ماتھے چوم کر ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

پریڈ کمانڈر ناصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، “ہم ہر لمحہ تیار کھڑے تھے، ہم مسلمان اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے۔ 2019 میں بھی ہم نے ابھینندن کو اسی بارڈر پر واپس کیا تھا، اور آج پھر دشمن ہماری طاقت کو سمجھ چکا ہے۔

رینجرز کے جوان علی نے بتایا کہ جب بھارت نے حملہ کیا تو ان کی والدہ نے فون پر کہا، “سینے پر گولی کھانا، اگر پشت پر لگی تو میں تمہیں اپنا دودھ نہیں بخشوں گی۔” انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اور ان کے ساتھی دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کا 11 مئی کو یوم ’’پاکستان زندہ باد‘‘ منانے کا اعلان

اس دوران بھارتی جانب مکمل سناٹا چھایا رہا، اسٹیڈیم خالی رہا اور بی ایس ایف پریڈ میں شریک نہ ہوئی، صرف خاموشی سے ترنگا اتارا گیا۔ یہ منظر خود بھارتی فوج کے حوصلے کی گواہی دے رہا تھا۔

واہگہ بارڈر ایک بار پھر اس تاریخی حقیقت کا گواہ بن گیا کہ جب پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہو تو کوئی دشمن میلی آنکھ سے وطن کی طرف نہیں دیکھ سکتا۔

Scroll to Top