بھارت میں فضائی نظام مفلوج،24 ایئرپورٹس بند اور 444 پروازیں منسوخ

بھارت میں فضائی نظام مفلوج،24 ایئرپورٹس بند اور 444 پروازیں منسوخ

پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کے باوجود بھارت میں فضائی آپریشن تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کے باوجود بھارت میں فضائی آپریشن تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکا۔ نجی ٹی وی رپورٹس کے مطابق بھارت کے 24 ایئرپورٹس پر فضائی سرگرمیاں بدستور معطل ہیں، جب کہ اب تک 444 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں

ذرائع کے مطابق، متعدد متاثرہ ایئرپورٹس سے طیارے بھی ہٹا دیے گئے ہیں۔ امرتسر، سری نگر، جموں، لداخ، دھرم شالا، شملہ، آدھم پور، چندی گڑھ، کاشان گڑھ، راجکوٹ اور ہیراسر ایئرپورٹس پر ساتویں روز بھی فلائٹ آپریشن بند ہے۔ خاص طور پر امرتسر ایئرپورٹ جو روزانہ 123 پروازیں سنبھالتا ہے، وہاں تاحال ایک بھی پرواز روانہ یا وصول نہیں کی گئی۔

ادھر سندھ کے شہروں سکھر اور میرپور خاص کے قریب واقع بھارتی علاقے جیسلمیر ایئرپورٹ پر بھی فضائی سرگرمیاں مکمل طور پر رکی ہوئی ہیں۔ ہریانہ کے مہاراجہ اگرسین ایئرپورٹ پر آج کی تمام 4 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور وہاں کوئی طیارہ موجود نہیں ہے۔ بٹھنڈہ ایئرپورٹ پر فلائی بگ ایئر کا صرف ایک ورکنگ طیارہ گزشتہ 7 دن سے کھڑا ہے، لیکن کوئی پرواز روانہ نہیں کی جا سکی۔

اس کے علاوہ کاندھلا، جام نگر، کیشود، پور بند اور راجکوٹ جیسے متعدد دیگر ایئرپورٹس بھی متاثر ہیں، جہاں یا تو پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں یا طیارے موجود نہیں۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کی ہدایت پر 32 ایئرپورٹس کی بندش کا نوٹم منسوخ کر دیا گیا ہے، تاہم بیشتر مقامات پر فضائی آپریشن کی بحالی میں عملی پیش رفت دکھائی نہیں دے رہی۔

ماہرین کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے جاری مبہم صورتحال، مسافروں کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن رہی ہے، جبکہ اندرون و بیرونِ ملک پروازوں پر انحصار کرنے والے کاروباری حلقے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

Scroll to Top