خیبرپختونخوا حکومت نے سولرائزیشن منصوبے میں بدعنوانی کی خبروں کی تردید کر دی

خیبرپختونخوا حکومت نے سولرائزیشن منصوبے سے متعلق بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کی خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے ان کی سختی سے تردید کی ہے۔

ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ بعض اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا میں شائع ہونے والی ایسی خبریں حقائق کے برخلاف اور عوام کو گمراہ کرنے کی ایک منظم کوشش ہیں۔

ترجمان کے مطابق تاحال منصوبے کے تحت نہ کوئی مالی ادائیگی کی گئی ہے اور نہ ہی کسی ٹھیکیدار کو ٹینڈر الاٹ کیا گیا ہے۔

حکومت کے مطابق منصوبے کے تخمینی نرخ مارکیٹ ریٹ سسٹم کی پہلی ششماہی اور محکمہ خزانہ کی منظور شدہ مارکیٹ ریٹ انیلیسس کے مطابق طے کیے گئے ہیں، جبکہ پیشگی خریداری کا عمل خیبرپختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ کی شق 22 کے تحت کیا جا رہا ہے، جو فنڈز کی دستیابی سے مشروط ہوتا ہے۔

حکومت نے یہ بھی بتایا کہ بینک آف خیبر اور پیڈو کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں تاکہ منصوبے کی بروقت اور شفاف تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: عوامی ریلیف کا منصوبہ کرپشن کی نذر،خیبرپختونخوا کا سولر منصوبہ کمیشن مافیا کی بھینٹ چڑھ گیا، عظمیٰ بخاری

صوبائی حکومت نے محکمہ توانائی کو ہدایت دی ہے کہ گرمیوں میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے منصوبے کی پی ڈی ڈبلیو پی سے منظوری اور خریداری کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ گھریلو صارفین جلد از جلد شمسی توانائی سے فائدہ اٹھا سکیں۔

ترجمان نے زور دیا کہ اس منصوبے سے متعلق تمام منفی خبریں بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہیں، جن کا مقصد عوام میں بداعتمادی پھیلانا ہے۔

Scroll to Top