قلعہ عبداللہ کے گلستان بازار میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق، 10 زخمی

بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں جبار مارکیٹ کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور10 زخمی ہو گئے۔

دھماکے سے متعدد دکانیں تباہ ہو گئیں اور کئی میں آگ لگ گئی، دھماکے کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

لیویز ذرائع کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جس سے قریبی ایف سی قلعہ کی دیوار کو بھی نقصان پہنچا۔

زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتالوں اور بعد ازاں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیے ہیں۔

ادھر حکومت بلوچستان نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ گلستان مارکیٹ میں ہونے والا دھماکا افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت نے سولرائزیشن منصوبے میں بدعنوانی کی خبروں کی تردید کر دی

انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ریاست عوام کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

Scroll to Top