کوہستان: کوہستان کرپشن اسکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے، جہاں نیب ایبٹ آباد کی ٹیم نے سی اینڈ ڈبلیو (کمیونیکیشن اینڈ ورکس) کے ہیڈ کلرک کے گھر پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے کی پاکستانی کرنسی، سونا، گاڑیاں اور قیمتی جائیدادوں کے کاغذات برآمد کر لیے۔
ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران نیب ٹیم نے گھر کی تلاشی لی جس میں غیر معمولی مقدار میں کرنسی نوٹ، طلائی زیورات، قیمتی گاڑیوں کی تفصیلات اور مختلف پراپرٹی کے مالکانہ دستاویزات قبضے میں لیے گئے۔
اس کے علاوہ اسکینڈل میں ملوث ایک مرکزی کردار، جو پیشے کے لحاظ سے ڈمپر ڈرائیور ہے، اس کی چیک بک بھی ہیڈ کلرک کے گھر سے برآمد ہوئی ہے۔
نیب ایبٹ آباد نے ہیڈ کلرک کو اس کے ایک قریبی رشتہ دار سمیت گرفتار کر لیا ہے، اور دونوں سے تفتیش جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان سے کرپشن کے دیگر پہلوؤں اور ممکنہ شریک ملزمان کے بارے میں بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں کوہستان کرپشن سکینڈل میں ملوث محکمہ خزانہ کے 10 اہلکار معطل
واضح رہے کہ کوہستان کرپشن اسکینڈل میں سرکاری فنڈز کے مبینہ ناجائز استعمال اور کروڑوں روپے کی خرد برد کے الزامات سامنے آئے تھے، جس کی تحقیقات نیب نے شروع کر رکھی ہیں۔ اس چھاپے کو اسکینڈل کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔





