لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت سے 1971 کی جنگ کا بدلہ لے لیا ہے۔ وہ لاہور میں معرکہ حق میں کامیابی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جہاں پاک فوج اور سیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان نے بھارت کو ایسا منہ توڑ جواب دیا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔
ان کے مطابق پاکستانی شاہینوں نے چھ بھارتی جنگی جہازوں کو مار گرایا اور دشمن کے عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی پسپائی کا یہ عالم تھا کہ وہ امریکا کے گھٹنوں میں بیٹھ کر جنگ بندی کی بھیک مانگنے پر مجبور ہو گیا۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ دشمن کو ایسا سبق سکھایا گیا ہے جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کے لیے تیار تھا، لیکن بھارت سفارتی محاذ سے بھاگ گیا۔ ہم امن پسند قوم ہیں لیکن دشمن نے امن کو ہماری کمزوری سمجھا، تو بھرپور جواب دیا گیا۔ اب اگر کوئی بات ہوگی تو وہ کشمیر پر ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر
انہوں نے دوست ممالک کا ساتھ دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معاشی ترقی کے سفر کو بھی جاری رکھے گا اور اقتصادی میدان میں بھی دشمن کو شکست دے گا۔





