صوبائی دارالحکومت کے علاقے خٹکو پل میں دو خاندانوں کے درمیان خاندانی تنازع ایک خونریز تصادم میں تبدیل ہو گیا، جس کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب فیملی مسائل پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا اور دونوں خاندانوں کے افراد نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں موقع پر ہی 6 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں 3 خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوئی جنہیں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور علاقے میں خوف و ہراس کے پیش نظر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے واقعے کو خاندانی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
علاقہ مکینوں نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مجرموں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔





