صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے سیدعاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پانے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
وفاقی وزرا ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے بھی مبارک باد پیش کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی شاندار فتح کے بعد فیلڈ مارشل کے عہدہ پر ترقی سید عاصم منیر کا حق تھا۔
محسن نقوی نے فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ سید عاصم منیر نے محنت، صلاحیتوں اور پیشہ وارانہ مہارت سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے دشمن کو عبرتناک سبق سکھایا، قوم دشمن کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، اس کا کریڈٹ جنرل سید عاصم منیر کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرات، شجاعت، تدبر، حکمت اور دانش کا جو مظاہرہ عاصم منیر نے دکھایا اسکی مثال نہیں ملتی، یقین ہے کہ جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نئی بلندیوں تک جائیگی۔
یہ بھی پڑھیں :فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترقی، بھارتی میڈیا نے رونا دھونا شروع کردیا
ان کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج کی مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کیلئے دعاگو ہوں۔





