عوامی نیشنل پارٹی کے حلقہ پی کے22 باجوڑسے منتخب رکن صوبائی اسمبلی نثار باز خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار کا تفصیلی دورہ کیا۔
ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی، اے ڈی سی پلاننگ اینڈ فنانس حمزہ ظہور، محکمہ صحت کے افسران اور پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔
نثار باز خان نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، جن میں دواؤں کی دستیابی، لیبارٹری کی کارکردگی، صفائی کی صورتحال، فل باڈی اسکین مشین کی خرابی اور دیگر شکایات شامل تھیں۔
انہوں نے میڈیسن اسٹور کا دورہ کرتے ہوئے ہدایت دی کہ دستیاب ادویات مریضوں کو فوری اور شفاف طریقے سے فراہم کی جائیں۔
میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر حیات آفریدی نے انہیں ہسپتال کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
نثار باز خان نے گھوسٹ ملازمین کی موجودگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ملازمین جو دیگر شہروں میں رہ کر تنخواہیں وصول کر رہے ہیں، ناقابل قبول ہیں۔
ایم ایس نے بتایا کہ تمام عملے کی حاضری بائیومیٹرک نظام کے تحت یقینی بنائی گئی ہے اور غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
ایم پی اے نے اس موقع پر نشاندہی کی کہ فل باڈی اسکین مشین گزشتہ تین سال سے خراب پڑی ہے۔ ایم ایس نے وضاحت دی کہ یہ ایک جدید مشین ہے لیکن ہمارے پاس تربیت یافتہ عملہ میسر نہیں۔
اس پر ایم پی اے اور ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ موجودہ عملے میں سے چند افراد کو تربیت دی جائے تاکہ مشین فعال کی جا سکے۔
نثار باز خان نے ایم ایس کو ہدایت دی کہ ہسپتال کا تمام ریکارڈ ڈیجیٹلائز کیا جائے،آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات ہر ماہ عوام کے لیے شائع کی جائیں،سرکاری ادویات کی فہرست تیار کرکے ہسپتال کے داخلی دروازے پر نمایاں طور پر آویزاں کی جائے تاکہ عوام کو آگاہی ہو کہ کون سی ادویات دستیاب ہیں۔
ایم ایس ڈاکٹر حیات آفریدی نے یقین دہانی کرائی کہ ان تمام ہدایات پر جلد عمل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نثار باز خان نے چار ماہ قبل بھی دورہ کیا تھا اور جو مسائل اس وقت نشاندہی کیے گئے تھے، ان میں بہتری لائی گئی ہے۔لیبارٹری میں کئی اہم ٹیسٹ اب آدھی قیمت پر مہیا کیے جا رہے ہیں۔ ایمرجنسی وارڈ میں کینولا اور دیگر اشیاء کی دستیابی یقینی بنا دی گئی ہے۔
نثار باز خان نے اینٹی ریبیز ویکسین کی دستیابی پر زور دیا اور کہا کہ اگر ہسپتال میں موجود نہ ہو تو مقامی مارکیٹ سے خرید کر غریب مریضوں کو بوقت ضرورت فراہم کی جائے۔
اس پر ڈپٹی کمشنر شاہد علی نے بتایا کہ اس حوالے سے پہلے ہی سخت ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:صدر مملکت اور وزیر اعظم کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد
آخر میں نثار باز خان نے بتایا کہ ضلعی سطح پر واحد بڑے ہسپتال ہونے کے ناطے خار ہسپتال کی اپ گریڈیشن کیلئے اے ڈی پی میں متعدد منصوبے شامل کیے گئے ہیں، جن میں نیا لیبر روم، جدید ہاسٹل، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی رہائش، کیٹگری اے کی سہولیات، اور مختلف بی ایچ یوز کی آر ایچ سی میں اپ گریڈیشن شامل ہے۔ ان منصوبوں کو آئندہ بجٹ میں شامل کرنے کی توقع ہے۔





