غزہ میں اسرائیلی مظالم دیکھ کر اذیت میں ہوں، ملالہ کی عالمی رہنماؤں سے نسل کشی رکوانے کی اپیل

نوبل انعام یافتہ اور سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی رہنماؤں سے فوری اور مستقل جنگ بندی کے لیے مؤثر اقدامات کی اپیل کی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ملالہ نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیاں دیکھ کر اذیت میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں بھوکے بچوں، تباہ شدہ اسکولوں اور اسپتالوں، اور انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹوں پر دل گرفتہ ہوں۔

ملالہ نے مطالبہ کیا کہ انسانیت کے ناتے دنیا کو فوری طور پر متحد ہو کر اسرائیل پر دباؤ ڈالنا چاہیے تاکہ یہ نسل کشی روکی جا سکے اور عام شہریوں، بالخصوص بچوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

ملالہ یوسف زئی نے حال ہی میں لبنان میں جنگ زدہ علاقوں میں بچوں کی تعلیم کے لیے ڈیڑھ لاکھ ڈالر عطیہ بھی کیے تھے، جسے انسانی ہمدردی کے جذبے کی ایک اور مثال کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملالہ نے جنگ زدہ لبنان میں بچوں کی تعلیم کیلئے ڈیڑھ لاکھ ڈالر عطیہ کر دیے

دوسری جانب اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے 80 روز سے امداد کی مکمل ناکابندی جاری ہے، اور اب تک کوئی انسانی امداد اندر نہیں جا سکی۔

اقوام متحدہ کے مطابق غذائی قلت خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، اور اگلے 48 گھنٹوں میں امداد نہ پہنچی تو 14 ہزار بچوں کی جانیں خطرے میں ہیں۔

Scroll to Top