نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی نے لبنان میں تعلیم اور بحالی کے لیے ڈیڑھ لاکھ ڈالر کی ایمرجنسی گرانٹ عطیہ کر دی۔
ملالہ فنڈ کی جانب سے دی گئی یہ امداد ان افراد کی مدد کے لیے ہے جو اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں متاثر ہوئے ہیں۔
ملالہ یوسف زئی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے جاری ہیں، جن کے باعث 15 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان حملوں سے لبنان کا تعلیمی نظام شدید متاثر ہوا ہے اور ہزاروں بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
ملالہ کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچوں کو محفوظ اور مستحکم تعلیمی ماحول کی فراہمی نہایت ضروری ہے، اور انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے فخر ہے کہ ملالہ فنڈ نے لبنان میں تعلیم و بحالی کی کوششوں کے لیے ڈیڑھ لاکھ ڈالر کی فوری امداد فراہم کی ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ جنگ سے متاثرہ بچوں اور خاندانوں کی مدد کے لیے آگے آئیں، تاکہ وہ تعلیم، تحفظ اور بحالی کے عمل میں شامل ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان معاشی بحران سے نکل آیا، بجٹ میں عوام کو ریلیف ملے گا، رانا ثناء اللہ
ملالہ فنڈ دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرتا ہے، اور اس نے ماضی میں بھی جنگ اور قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں فوری امداد فراہم کی ہے۔





