ملک کو اندرونی اتحاد کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی قومی یکجہتی کے لیے تیار ہے: سلمان اکرم راجہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات مثبت رہی، ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے، اور وہ قومی یکجہتی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے زور دیا ہے کہ ملک کو اس وقت سب سے زیادہ اندرونی اتحاد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو شکست ہوئی ہے، اس لیے وہ کسی نئی شرارت کی کوشش کر سکتا ہے، لہٰذا پوری قوم کو متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

معاشی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا مؤقف تھا کہ پاکستان کی معیشت کی بحالی صرف اس صورت میں ممکن ہے جب قوم ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہو، اور دو تہائی اکثریت رکھنے والی جماعت کے قائد کو جیل میں رکھ کر اتحاد قائم نہیں ہو سکتا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پرامن احتجاج ہمارا آئینی حق ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ یا اعلان فی الحال نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 6 مئی کو جیل میں دی جانے والی کسی بریفنگ کے بارے میں بانی پی ٹی آئی نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق عمران خان کا پیغام واضح ہے پاکستان کو اس وقت اندرونی استحکام، سیاسی مفاہمت اور قومی سطح پر یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔

Scroll to Top