راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے لیے تیار ہیں، لیکن ن لیگ سے کسی صورت مذاکرات نہیں کریں گے۔
منگل کے روز اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ جب چاہے، عمران خان بات کرنے کو تیار ہیں، تاہم وہ مسلم لیگ (ن) سے بات کرنے پر آمادہ نہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے دیے جانے سے متعلق سوال پر علیمہ خان نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور کہا، ہم اس حوالے سے کچھ نہ بولیں تو یہی بہتر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ پاکستان کی بہتری کے لیے کسی بھی ادارے سے بات ممکن ہے، لیکن موجودہ سیاسی قیادت پر ان کا اعتماد نہیں رہا۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے دروازے کھلے رکھے ہیں، بیرسٹر گوہر
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے چھبیسویں آئینی ترمیم کو انصاف کی موت قرار دیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ عوام اس ترمیم کے خلاف آواز بلند کریں۔





