صوبائی سطح پر انقلابی قدم، خیبرپختونخوا حکومت نے لائف انشورنس اسکیم منظور کرلی

صوبائی سطح پر انقلابی قدم، خیبرپختونخوا حکومت نے لائف انشورنس اسکیم منظور کرلی

حکومت نے صوبے بھر کے تمام شہریوں کیلئے لائف انشورنس اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر سالانہ 4.5 ارب روپے کی لاگت آئیگی

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کارڈ کے بعد عوام کو ایک اور بڑا ریلیف فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ حکومت نے صوبے بھر کے تمام شہریوں کے لیے لائف انشورنس اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر سالانہ 4.5 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ اس اسکیم کا مقصد عوام کو زندگی کے مشکل ترین لمحے میں مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اسکیم کے تحت اگر گھر کے سربراہ کا انتقال ہو جائے تو لواحقین کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

اس اسکیم کی تفصیلات کے مطابق:

60 سال سے کم عمر افراد کے انتقال کی صورت میں ان کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
60 سال سے زیادہ عمر میں وفات پانے والے افراد کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے کی مالی مدد فراہم کی جائے گی۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ’’اکثر خاندان کفیل کی وفات کے بعد شدید مالی مشکلات سے دوچار ہو جاتے ہیں، اور ایسے وقت میں یہ مالی امداد ان کے لیے ایک بڑا سہارا ثابت ہوگی۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت، وزیراعلیٰ کی قیادت میں، عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور یہ اسکیم اسی وژن کا حصہ ہے۔

یہ اسکیم خیبرپختونخوا کی سماجی تحفظ پالیسی میں ایک اہم سنگ میل سمجھی جا رہی ہے، جو عوام کو محفوظ اور باعزت زندگی کی فراہمی کی جانب ایک اور بڑا قدم ہے۔

Scroll to Top