بلوچستان کے ضلع خضدار میں افسوسناک واقعے میں اسکول بچوں کی بس پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 3 معصوم بچوں سمیت 5 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دہشتگرد حملہ بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے عناصر نے کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بزدلانہ کارروائی ایک اسکول بس کو نشانہ بنا کر کی گئی، جس میں نہتے اور معصوم طلباء سوار تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، دہشتگردوں نے حملے کی منصوبہ بندی بھارت میں بیٹھ کر کی، جبکہ بلوچستان میں موجود بھارت کی پراکسیز نے اس پر عملدرآمد کیا۔ اس بزدلانہ حملے کا مقصد نہ صرف معصوم جانوں کو نشانہ بنانا تھا بلکہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانا اور پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ’’میدانِ جنگ میں ناکامی کے بعد بھارت بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے ذریعے پراکسی جنگ مسلط کر رہا ہے۔‘‘
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ زخمی بچوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
خضدار کے اس سانحے نے پورے ملک میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے، اور عوام کی جانب سے بھارتی مداخلت اور دہشتگردی کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔





