واہگہ بارڈر کے ذریعے افغان،بھارت ٹریڈ جاری، ٹرک کیا لائے کیا لے گئے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

واہگہ بارڈر کے ذریعے افغان،بھارت ٹریڈ جاری، ٹرک کیا لائے کیا لے گئے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

واہگہ،اٹاری بارڈر کے راستے افغانستان اور بھارت کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ ایک بار پھر فعال ہو گئی ہے، جس کے تحت حالیہ دنوں میں افغان تجارتی سامان سے لدے متعدد ٹرک بھارت روانہ ہو چکے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، گزشتہ چند روز کے دوران 29 افغان ٹرکوں کو واہگہ کے راستے بھارت جانے کی اجازت دی گئی، جن میں خشک میوہ جات لدے ہوئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق:
20 مئی کو 14 ٹرک
19 مئی کو 10 ٹرک
16 مئی کو 5 ٹرک
واہگہ بارڈر عبور کر کے بھارت میں داخل ہوئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت افغان حکومت کی جانب سے پاکستان کو بھیجی گئی درخواست کے تناظر میں ہوئی ہے، جو گزشتہ ماہ پاک-بھارت کشیدگی کے باعث سرحد بند ہونے کے بعد سامنے آئی تھی۔ افغان حکام نے پاکستان سے 150 ٹرکوں کو واہگہ کے راستے بھارت جانے کی اجازت دینے کی اپیل کی تھی
پاکستان نے یکم مئی کو مشروط اجازت دی، تاہم بھارتی حکام کی جانب سے پاکستانی ڈرائیوروں کو انٹری پرمٹ جاری کرنے میں تاخیر کے باعث عمل درآمد میں رکاوٹ پیش آئی۔ اب، حالات میں بہتری کے بعد رفتہ رفتہ افغان ٹرکوں کو بھارت روانہ کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ حکام کے مطابق آنے والے دنوں میں مزید ٹرک بھی واہگہ کے ذریعے بھارت بھیجے جائیں گے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ تجارت فروری 2019 سے مکمل طور پر معطل ہے، جب پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستانی مصنوعات پر بھاری محصولات عائد کیے۔ بعد ازاں اگست 2019 میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے جواب میں پاکستان نے بھی تجارتی تعلقات محدود کر دیے تھے۔

تاہم اس کے باوجود، واہگہ-اٹاری سرحد کے ذریعے افغانستان اور بھارت کے درمیان محدود ٹرانزٹ ٹریڈ کا تسلسل جاری ہے، جسے علاقائی اقتصادی روابط کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top